حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدس/ متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ قم المقدس میں "منتظرین امام زمانہ عج کو درپیش مسائل اور ان کا حل" کے عنوان پر ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جس کی سعادت برادر کرار حسین نے حاصل کی۔ برادر عاشق حسین محمد نے امام زمان عج کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین محمد علی حجتی نے انجام دئے۔
علمی نشست کے خطیب استاد حوزہ آیت اللہ محمد باقر مقدسی حفظہ اللہ نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے متحدہ علماء فورم جی بی کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد انہوں نے منتظرین امام زمانہ عج کو درپیش مسائل اور ان کا حل کے موضوع پر تفصِلی اور سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے تشیع کو درپیش داخلی و خارجی مسائل و مشکلات کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے منتظرین امام زمانہ عج کو درپیش مسائل کے حل کے لئے علمی اور اخلاقی حوالے سے خود کو مضبوط کرنے پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ اس علمی نشست میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور طلاب نے بھرپور شرکت کی۔ جبکہ نشست کے آخر میں آیت اللہ محمد باقر مقدسی سے موضوع کے متعلق سوالات بھی کئے گئے جن کا انہوں نے علمی و مدلل جوابات دئے۔